اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پنشن کے نظام کو جدید خطوط پر بنانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان پوسٹ ملازمین کی پینشن کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران پاکستان پوسٹ پنشن فنڈ کے قیام کی اصولی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم نے پاکستان پوسٹ میں اصلاحات کے حوالے سے وزیرِ مواصلات اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
اجلاس کے دوران خزانہ، مواصلات کی وزارتوں، سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن، نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ پر مشتمل کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ کمیٹی مجوزہ پنشن فنڈ کے قیام اورانتظام ، طریقہ کاراور دیگر تفصیلات کابینہ کو پیش کرے گی۔
وزیر مواصلات نے بتایا کہ پاک پوسٹ کیجانب سے پہلی دفعہ بزرگ اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن انکے گھر پر فراہم کی گئی ہے۔ اس اقدام کواقوام متحدہ سمیت دنیابھرمیں سراہاجارہاہے۔ پاکستان پوسٹ کی جانب سے پنشنرز کو عید کے موقع پر ایڈوانس پنشن ادا کی جا رہی ہے۔ پاکستان پوسٹ کی جانب سے 26بیش قیمت اراضیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو کہ اب تک کسی بھی استعمال میں نہیں لائی گئیں تھیں۔
وزیر مواصلات کا کہنا ہے کہ ان اراضیوں کی تفصیل جلد کابینہ کے سامنے پیش کر دی جائیں گی اور انکو مثبت مقاصد کے لئے برؤے کار لانے کی منظوری حاصل کی جائے گی۔
مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے مجموعی طور سرکاری ملازمین کی پنشن کے حوالے سے مرتب کی جانے والی تجاویز کے بارے میں وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت کے محدود مالی وسائل اور پنشن کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضرورت اس امر کی ہے کہ پنشن کے نظام کا جدید خطوط پر انتظام یقینی بنایا جائے تاکہ جہاں اس نظام کو بہتر طور پر چلا جا سکے وہاں حکومت پر پڑنے والے بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے پاکستان پوسٹ میں اصلاحات پر وزیر مواصلات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کو محدود مالی وسائل اور پنشن کے بڑھتے ہوئے اخراجات کا سامنا ہے ، پنشن کے نظام کو جدید خطوط پربنانے کی ضرورت ہے، نظام میں بہتری سے حکومت پر بوجھ میں کمی آئے گی۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سیاسی شخصیات کیساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں، اراکین اسمبلی رائے مرتضی اقبال، صمصام بخاری اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما رائے حسن نواز نے ملاقاتیں کیں اس موقع پر پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی ملاقاتوں میں تھے۔
ملاقاتوں کے دوران کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال، پارلیمنٹیرینز کے عوامی فلاحی اورترقیاتی امور پرگفتگو کی گئی اور ملاقات میں زرعی شعبے کی ترقی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے پارلیمینٹیرینز کو عوام الناس سے رابطے، ان کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی، پارلیمینٹیرینز عوام کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دیں۔
وزیراعظم نے پارلیمنٹیرینز کو ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اشیائے خوردونوش کی دستیابی کو یقینی بنائی جائے۔