سول ایوی ایشن ڈویژن نے ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن کیلئے ایس او پی جاری کردیا

Last Updated On 15 May,2020 09:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے پانچ بڑے شہروں کے مابین محدود فضائی آپریشن کی بحالی، سول ایوی ایشن ڈویژن نے ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن کیلئے ایس او پی جاری کر دیا۔

سول ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کے درمیان کم ازکم ایک سیٹ خالی رکھی جائیگی۔ دوران پرواز مسافروں کیلئے ماسک پہننا اور ہینڈ سینٹائزر کا استعمال لازمی ہوگا۔

جہاز میں عملے کیلئے مشتبہ مریض سے نمٹنے کیلئے کورونا کٹ موجود ہونا ضروری ہوگا۔ ہر مسافر کیلئے جہاز میں بیٹھنے سے قبل ہیلتھ فارم پُر کرنا لازمی ہوگا۔

ائیرپورٹ ہر مسافر کا تھرمل سکینر سے ٹمپریچر چیک کیا جائیگا۔ کورونا کی علامات والے مسافر کو وہیں سے ڈاکٹر کے پاس بھیج دیا جائیگا۔ مسافر کو چھوڑنے یا لینے کیلئے آنیوالے ڈرائیوروں کو ائیرپورٹ پارکنگ میں ہی رکھنا ہوگا۔ انھیں ہوائی اڈے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

جہاز میں لوڈنگ سے قبل مسافروں کے سامان کو جراثیم سے پاک کیا جائیگا۔ ایس او پی 30 مئی تک نافذ العمل رہے گا اور اس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا۔