اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین میں پھنسے طلبہ کی واپسی سے متعلق حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے انھیں رعایتی قیمت پر ائیر ٹکٹس دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں وزارت اوورسیز نے پی آئی اے اور وزارت خارجہ کے تعاون سے پلان ترتیب دے دیا ہے۔ چینی شہر ووہان میں پھنسے طلبہ کیلئے ائیر ٹکٹ صرف 50 ہزار روپے کا ہوگا۔
حکومت پاکستان 18 مئی کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز چلائے گی جس کے ذریعے چین میں پھنسے 300 طلبہ کو وطن واپس لایا جائے گا۔ اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے طلبہ کے والدین نے ملاقات کی جس میں انھیں عتماد میں لیا گیا۔ والدین کی جانب سے حکومتی اقدامات کا بھرپور خیر مقدم کیا۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ووہان کے طلبہ نے سب سے زیادہ مشکل وقت برداشت کیا۔ 6 ماہ میں طلبہ اور والدین نے تکالیف برداشت کیں۔ مشکل وقت میں والدین کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے ہیں۔ کم قیمت پر ائیر ٹکٹ کی فراہمی سے طلباہ اور والدین کی حوصلہ افزائی ہوگی۔