عید سے قبل مزدوروں میں 75 ارب تقسیم کرنیکی منظوری

Last Updated On 16 May,2020 12:34 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کورونا لاک ڈائون کے باعث دہاڑی دار مزدوروں اور محنت کشوں کو عید سے قبل امدادی رقم فراہم کرنے کیلئے احساس کیش ایمرجنسی پروگرام کی منظوری دیدی۔

اس پروگرام کے تحت 75 ارب روپے کی رقم قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت آبادی کے حصے کے مطابق تقسیم کی جائے گی، 43 فیصد رقم وفاق اور 57 فیصد صوبوں کے ذریعے فراہم کی جائے گی، پنجاب کو 51 فیصد، سندھ کو 24 فیصد، خیبر پختونخوا کو 14 فیصد اور بلوچستان کو 9 فیصد حصہ فراہم کیا جائے گا۔ اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کو حالیہ مردم شماری میں سامنے آنے والے آبادی کے اعدادوشمار کے مطابق حصہ فراہم کیا جائے گا، احساس لیبر پورٹل کے ذریعے اس امداد کے حصول کیلئے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

کامیاب درخواست گزاروں کو بی آئی ایس پی کی ادائیگی کے موجودہ طریقہ کار کے تحت 12 ہزار روپے فی کس فراہم کیے جائینگے۔ ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ملک بھر کے دہاڑی دار مزدوروں اور محنت کشوں میں 75 ارب روپے کی رقم عید سے قبل تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ای سی سی کا اجلاس مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایمرجنسی کیش اسسٹنس پروگرام کے تحت کن افراد کو یہ ہنگامی نقد ادائیگی کی جائے گی اور ان کے انتخاب کا طریقہ کار کیا ہوگا اس کا فیصلہ وزیر اعظم کی زیر صدارت پینڈیمک ریلیف اسسٹنس فنڈ 2020 کے تحت کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ ہر ایک عطیہ شدہ روپیہ کے ساتھ حکومت فنڈز میں 4 روپے فراہم کرے گی۔
 

Advertisement