کراچی: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، کراچی میں آج ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، پارہ 41 تک جانے کا امکان ہے۔ سندھ کے میدانی علاقوں میں بھی سورج آگ برسائے گا۔ بالائی خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کی توقع ہے۔ اننت ناگ اور بارہ مولہ میں بھی بادل برسیں گے۔
کراچی میں ایک اور ہیٹ ویو الرٹ، آج سے شدید گرمی کی لہر آنے کو ہے، سمندری ہوائیں بھی بند رہیں گی، شہرقائد میں سورج آگ برسائے گا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے 21 مئی تک ہیٹ ویو کا زور رہے گا۔ شہری احتیاط کریں اور گھروں سے غیر ضروری نہ نکلیں۔ درجہ حرارت 39 سے41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
سندھ کے میدانی علاقوں٘ میں بھی سورج کا پارہ ہائی رہے گا، نوابشاہ، دادو، مٹھی اور سکھر میں درجہ حرارت 42 سے 45 تک جانے کا امکان ہے۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے بالائی خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم ابر آلو رہے گا۔ اننت ناگ، بارہ مولہ میں بارش کا امکان ہے۔ سری نگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26، جموں میں 32 اور لیہ میں 23 رہے گا۔
ادھر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، محکمہ موسمیات کےمطابق کوئٹہ میں کم از کم درجہ حرارت 13، بارکھان اور دالبندین میں 17، جیونی میں 25، قلات میں11، خضدار میں 24، لسبیلہ اور نوکنڈی میں 22، پنجگور میں 21، تربت میں 27، ژوب میں17 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں موسم گرم خشک رہے گا۔