کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان سندھ حکومت نے علاج کیلئے دیگرممالک سے آنے والوں کا ریکارڈ پیش کر دیا۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے بے جا تنقید کرنے والے جان لیں ہم جھوٹ اور یو ٹرن کا سہارا نہیں لیتے۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے صحت کے شعبے میں خدمات پر تنقید کرنیوالوں کو جواب دیتے ہوئے کہا سائیبرنائف سہولت سے نہ صرف پاکستانی بلکہ بیرون ملک سے آنے والے مریضوں نے بھی استفادہ کیا، جناح ہسپتال میں قائم سائیبرنائف کے ذریعے کینسر کے مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے، بار بار طنزیہ گفتگو اور تنقید سے ملک کی خدمت نہیں ہو رہی، موجودہ گھمبیر حالات مشترکہ جدوجہد کے متقاضی ہیں۔
مرتضی وہاب نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ لوگوں نے تہیہ کر رکھا ہے کہ نہ خود کچھ کرنا ہے اور نہ کسی اور کو کچھ مثبت کام کرنے دینا ہے۔