اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی عالمی سطح پر بھی زبردست پذیرائی ہو رہی ہے۔ برطانوی اخبار ٹیلی گراف اس سے متعلق ایک آرٹیکل شائع کیا ہے۔
برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ چند دنوں میں ملک بھر سے 10 لاکھ نوجوان رضا کار فورس کا حصہ بنے۔ عثمان ڈار نے بتایا کہ توقع سے زائد نوجوانوں نے خود کو رجسٹر کیا۔
اخبار لکھتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ملک کے نوجوان سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ رضا کار سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے ساتھ غریبوں تک کیش رقم بھی پہنچائیں گے۔
ٹیلی گراف میں لکھے مضمون میں کہا گیا ہے کہ ٹائیگر فورس، پولیس اور ضلعی انتظامیہ سمیت ہیلتھ پروفیشنلز کی بھی مدد کر رہی ہے۔ یہ سول رضا کاروں پر مشتمل فورس غریبوں تک امداد پہنچائے گی۔
آرٹیکل میں لکھا گیا کہ پاکستان کی دو تہائی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ فورس میں لاکھوں نوجوان رضا کارانہ طور پر شامل ہوئے۔ قومی جذبے سے سرشار نوجوانوں پر مشتمل ٹائیگر فورس بنائی گئی ہے۔ مشکل وقت میں پاکستان نے سب سے بڑے وسائل کو استعمال کیا۔