شاہد خاقان عباسی نے نیب کورٹ میں پیشی کیلئے ضمانت حاصل کرلی

Last Updated On 19 May,2020 03:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نیب کورٹ میں پیشی کیلئے ضمانت حاصل کرلی۔

لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی خود گاڑی چلا کر اسلام آبا د سے کراچی پہنچے، سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ حکومتی آرڈننس کی موجودگی میں مجھ پر نیا ریفرنس بنانا غیر قانونی ہے، میں نیب کورٹ کراچی میں پیش ہونا چاہتا ہوں لہذا عبوری ضمانت منظور کی جائے، حکومتیں ناکام ہوں تو عدالتیں فیصلے کرتی ہیں۔

اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نیب جھاڑو پھیرے یا کچھ اور کرے نیب اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے، چیئرمین نیب نے میاں نواز شریف پر بھارت رقم منتقلی کا الزام لگایا تھا، چیئرمین نیب نواز شریف کی طرف سے 5 ارب نہیں صرف 5 روپے بھارت منتقل کرنے کا ثبوت پیش کر دے تو سیاست چھوڑ دیں گے۔

سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کرکٹرز ناکام سیاستدان ہوتے ہیں اگر شاہد آفریدی وزیر اعظم بننا چاہتا ہیں تو انہیں پہلے الیکشن جیتنا ہوگا، ملک میں کوئی حکومت نہیں ہے، کورونا وائرس کے خلاف ملکی سطح پر ایک پالیسی ہونی چاہیئے تھی جو نہیں بن سکی، اب تمام سٹیک ہولڈرز کو طے کرنا ہوگا کہ ملک کیسے چلے گا۔
 

Advertisement