اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین کے بھائی میاں سریر حسین کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئے، میاں سریر حسین 2 دن سے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے آئی سی یو وارڈ میں زیر علاج تھے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے کہا مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین کورونا وائرس کا شکار ہو گئے اور ان کے بھائی میاں محمد سریر حسین کی موت بھی کورونا وائرس سے ہوئی ہے۔
زاہد خان نے کہا میاں افتخار حسین نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے اور اس وقت وہ قرنطینہ میں ہیں۔ انہوں نے بھائی کے جنازے میں شرکت بھی کی لیکن وہاں طبیعت بگڑنے پر انہیں جلد سے جلد لے واپس لے جایا گیا۔ اس وقت وہ کسی سے بھی نہیں مل سکتے اور ان کا علاج جاری ہے، میاں افتخار حسین کی طبیعت قدرے بہتر ہے لیکن مکمل صحت یابی تک وہ قرنطینہ میں رہیں گے۔
ادھر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یارولی خان اور صوبائی صدر ایمل ولی خان نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انکی خیریت دریافت کی، دونوں رہنماؤں نے میاں افتخار حسین سے ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت بھی کی۔