دمشق : (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کے باعث شام نے نمازِ عید الفطر کے اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
شامی حکام کا کہنا ہے کہ مملکت میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات پر پابندی ہوگی تاکہ عالمی وبا کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
شامی وزارت مذہبی امور نے اپیل کی ہے کہ گھر کے افراد کے ساتھ گھر پر ہی نماز عید ادا کی جائے ۔
اس سے قبل ترکی، سعودی عرب، الجزائر اور مصر میں بھی نماز عید کی اجتماعات پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔
سعودی حکومت نے 23 مئی سے 27 مئی تک تمام شہروں میں 24 گھنٹے کے کرفیو کا اعلان کررکھا ہے جبکہ سعودی مفتی اعظم کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں عید کی نماز گھر پر ادا کی جاسکتی ہے۔
یاد رہے کہ ترکی نے بھی 23 تا 26 مئی ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔