اسلام آباد: (دنیا نیوز) عثمان ڈار نے کہا ہے کہ سندھ نے ٹائیگر فورس کی خدمات لینے سے معذرت کی، سندھ حکومت کے ساتھ 2 ہفتے سے رابطے میں تھے، گورنر سندھ کل ٹائیگر فورس کے ایک لاکھ 54 ہزار نوجوانوں کو لیڈ کریں گے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ٹائیگر فورس میں سب سے زیادہ رضاکار پنجاب سے ہیں، احساس امدادی کیش، قرنطینہ سینٹرز پر ٹائیگر فورس نے خدمات دیں، یوٹیلٹی سٹورز پر ٹائیگر فورس کے نوجوانوں نے ذمہ داریاں سر انجام دیں، ٹائیگر فورس کے نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، لاک ڈاؤن میں ٹائیگر فورس کی راشن گھر گھر پہنچانے کی ذمہ داری تھی۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا تاثر دیا جا رہا ہے لاک ڈاؤن کے بعد ٹائیگر فورس کی ذمہ داریاں نہیں ہوں گی، ٹائیگر فورس نے احساس امدادی کیش کی تقسیم میں بھرپور کردار ادا کیا، ٹائیگر فورس نے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھی کام کیا، ٹائیگر فورس کی شکل میں 10 لاکھ نوجوان سٹرکچر میں شامل ہوئے، ٹائیگر فورس کل سے سندھ میں خدمات سرانجام دے گی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا عید کے بعد ٹائیگر فورس کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ کر رہے ہیں، بلاول اسمبلی میں وزیراعظم کو یکجہتی کی دعوت دیتے ہیں، سندھ میں پیپلزپارٹی کا دہرا معیار کیوں ہے ؟ سندھ میں پیپلز پارٹی نے ایک لاکھ 54 ہزار نوجوانوں کو کیوں روکا ؟۔