پشاور: (دنیا نیوز) وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور جھگڑا کا کہنا ہے صوبے میں ٹیسوں کی تعداد پنجاب کے برابر ہے، اس کو تین ہزار تک لیجائیں گے، لاک ڈاؤن سے کورونا وائرس کا مستقل حل نہیں ہوسکتا، اگلا بجٹ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کا بجٹ ہوگا۔
صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کا میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران شعبہ صحت کو مزید بہتر کرنے میں مدد ملی، کورونا وائرس کے حوالے سے نئے فیز میں داخل ہوگئے ہیں، لاک ڈائون کی وجہ سے بہت فائدہ ہوا ہے، صوبہ میں 10 دنوں سے اوسطا 160 سے 200 کیسز سامنے آ رہے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے وائرس میں کمی ہوئی، دو ہفتوں سے 10 سے 12 اموات ہو رہی ہیں، آج 6 افراد جاں بحق ہوئے.
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کھولنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا، 200 آئسولیشن سہولیات دیں، 5598 بیڈ، 359 قرنطینہ مراکز اور 550 سے زائد وینٹی لیٹر موجود ہیں، ابتدائی طور پر تین گنا اموات میں اضافہ تھا جو اب کم ہوگیا ہے، ماسک پہننے سے کورونا وائرس کو 70 فیصد پھیلنے سے روکا ہے، عید پر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔