پاکستانی کورونا وباء کیساتھ طیارہ حادثے کا دکھ بھی سہہ رہے ہیں:بلاول زرداری

Last Updated On 23 May,2020 08:13 pm

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سادگی سے عید منائیں، نمازِ عید کی ادائیگی کرنا ہے تو حکومتی ایس او پیز کے مطابق نماز ادا کریں۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں چیئر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے مسلمان ایک ایسے وقت میں عید منارہے ہیں جب کورونا کی خطرناک وباء پھیلی ہوئی ہے۔ پاکستان کے مسلمان کورونا کی وباء کا سامنا کرنے کے ساتھ طیارہ حادثے کا دکھ بھی سہہ رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ اس صورت حال میں سادگی سے عید منائیں۔ اپیل کرتا ہوں کہ اس عید کو اپنے شہداء کے نام کریں۔ اس عید کو طبی عملے کے نام کریں جو آپ کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے اپنی اور اپنے خاندان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپیل کرتا ہوں کہ جتنا ممکن ہوسکے عید اپنے گھر پر منائیں، اگر آپ نے نمازِ عید کی ادائیگی کرنا ہے تو حکومتی ایس او پیز کے مطابق نماز ادا کریں، سعودی عرب، ایران، متحدہ عرب امارات اور ترکی نے اپنے شہریوں کو عید کا دن اپنے گھروں پر منانے کا پابند کیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر آپ اپنا تحفظ چاہتے ہیں تو اپیل کرتا ہوں کہ نماز عید بھی گھر پر ادا کریں، عید ملن بھی فون، واٹس ایپ کے ذریعے کریں، اپنا تحفظ کرکے نہ صرف ہم خود کی جان بچاسکتے ہیں بلکہ ایسا کرنے سے ہمارے نظامِ صحت پر اتنا ہی بوجھ آئے گا کہ جتنا وہ اٹھاسکے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ احتیاط کرکے ہم دوسروں کی زندگیوں کا بھی تحفظ کرسکتے ہیں، اپیل کرتا ہوں کہ یہ عید اپنے ڈاکٹروں، نرسوں، ہیروز اور اپنے شہداء کے نام کریں۔
 

Advertisement