اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر شہزاد اکبر چینی سبسڈی پر مقدمات قائم کرنے اور نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا اشارہ دیدیا ہے
بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ جس نے سبسڈی سے فائدہ اٹھایا، اس کا کچھا چٹھا انکوائری رپورٹ میں سامنے آ گیا ہے۔ گزشتہ 5 برسوں میں 29 ارب کی سبسڈی دی گئی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن رپورٹ کی روشنی میں چینی پر دی گئی سبسڈی معاملے پر مقدمات بنیں گے۔ اس بات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ حکومت انکوائری کمیشن بنا کر رپورٹ عام کر سکتی ہے تو مقدمے نہ بنائے۔ مقدمات بنیں گے، تاہم کس ادارے کے پاس جائیں گے ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شہزاد اکبر نے بتایا کہ نیب، ایف آئی اے اور ایس ای سی پی کی سفارش پر وفاقی حکومت کسی کا بھی نام ای سی ایل میں ڈالے گی۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں انتیس ارب روپے کی سبسڈی دی گئی، اس میں سے 2.4 ارب روپے کی سبسڈی موجودہ دور میں پنجاب حکومت نے دی، تاہم وفاقی حکومت نے کوئی سبسڈی نہیں دی۔