لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپوزیشن رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کورونا سیاست’ نہیں چلے گی۔
وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن نے پہلے سیاست کو کاروبار بنایا اور اب کورونا کو سیاست کی نذر کیا۔ 22 کروڑ عوام دو چہروں والے ان سیاست دانوں کی منفی سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستانی قوم کورونا پر سیاست چمکانے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اپوزیشن رہنماؤں کا رویہ ”دوسروں کو نصیحت، خود میاں فصیحت“ کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے سامنے بلند وبانگ دعویٰ کرنے والوں کی قلعی کھل چکی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے غیر معمولی حالات میں بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔ ہنگامی صورتحال کے باوجود اپوزیشن رہنماؤں نے ہر موقع پر سیاست چمکانے کی کوشش کی۔