لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار طیارہ حادثہ میں شہید پائلٹ کیپٹن سجاد گل کی رہائش گاہ ڈیفنس پہنچے، وزیراعلیٰ نے شہید کے والد، اہلیہ، بیٹے، بیٹی اور دیگر اہل خانہ کو دلاسہ دیا، انہوں نے بیٹے اور بیٹی کے ساتھ شفقت کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہید پائلٹ سجاد گل کے اہل خانہ سے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ نے شہید سجاد گل کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت کی۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں پائلٹ سجاد گل کی شہادت پر دلی رنج ہوا ہے، عید پر سوگوار خاندان سے ان کا دکھ بانٹنے کیلئے آیا ہوں، پائلٹ سجاد گل نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پایا۔عثمان بزدار نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ شہید زندہ ہوتے ہیں۔
انہوں نے شہید کے اہلخانہ سے کہا کہ اللہ تعالی آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ کراچی طیارہ حادثہ ایک قومی سانحہ ہے جس پر قوم افسردہ ہے۔ شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ المناک حادثے کے نتیجے میں بچھڑنے والوں کا دکھ ان کے پیارے ہی جانتے ہیں۔ پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔