لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صحت اور سماجی شعبوں کو ترجیحی دینے کی ہدایت کر دی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کے باعث مشکل صورتحال کا سامنا ہے، محکمے اپنے غیر ضروری اخراجا ت کم کریں۔
عثمان بزدار کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ایوان وزیراعلی میں منعقد ہوا جس میں آئندہ مالی سال 2020-21 کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21 کا جائزہ لیا گیا، آئندہ مالی سال کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
وزیراعلی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے باعث انتہائی غیر معمولی حالات کا سامنا ہے، موجودہ صورتحال کے تناظر میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ترجیحات کو فوکس کرنا ضروری ہے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے بھی صحت اور دیگر سماجی شعبوں کو اہمیت دی جائے گی۔
عثمان بزدار نے آئندہ مالی سال میں غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکموں کو سخت فنانشل ڈسپلن کی پالیسی پر کاربند رہنا ہوگا، ہر سطح پر اخراجات کو کنٹرول کر کے کفایت شعاری کو فروغ دیا جائے، محکمے ازخود غیر ضروری اخراجات کم کریں اور آئندہ مالی سال میں اخراجات میں مزید کمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں، مختلف سیکٹرز میں دی جانے والی سبسڈیز میں کمی کا جائزہ لیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پراجیکٹس پر توجہ دی جائے، بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے جامع پروگرام وضع کیا جائے، حالات مشکل ضرور ہیں لیکن ہم نے کمزور طبقوں کا تحفظ کرنا ہے۔
چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21 کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔