اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے پاکستان سے بیرون ممالک فضائی آپریشن بحال کرنے اجازت دے دی۔ 70 دن بعد باہر سے آنے والے مسافروں کی آمد خصوصی اجازت سے مشروط ہوگی۔ فضائی آپریشن رات بارہ بجے سے شروع ہو گا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹم جاری کر دیا۔
تفصیل کے مطابق حکومت نے 22 مارچ کو معطل کیا گیا بین الاقوامی فضائی آپریشن بحال کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے انٹرنیشنل فلائٹس کا نوٹم جاری کر دیا ہے۔
پاکستان سے بین الاقوامی فضائی آپریشن 29 مئی کی رات بارہ بجے سے شروع ہو جائے گا۔ بین الاقوامی فضائی آپریشن گوادر اور تربت کے علاوہ ملک کے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس سے بحال ہو گا۔
نوٹم کے مطابق بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں پر پابندی برقرار رہے گی، تاہم ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے لئے بیرون ممالک سے مسافروں کے لانے کے لئے حکومت پاکستان کی اجازت درکار ہو گی۔
سفارتی عملہ، خصوصی اور کارگو پروازوں پر اس فیصلہ کا اطلاق نہیں ہو گا۔ نوٹم کے مطابق بیرون ممالک سے آنے والے جہازوں اور عملہ کے لئے پاکستان میں دی گئی کورونا ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد لازم ہو گا۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بین الاقوامی فضائی آپریشن کی معطلی کے باعث پی آئی اے کی 394 دیگر غیر ملکی ایئر لائنز کی 900 ہفتہ وار پروازیں متاثر ہوئیں تھیں۔