لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان کا کہنا ہے کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں سے متعلق فلور ملز کا بیان یکطرفہ، حکومت اسے تسلیم نہیں کرتی۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے آٹے کی قیمت میں از خود اضافے کے بعد رد عمل دیتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مختلف اضلاع میں گندم کی قیمتوں میں فرق ہے، ایک جیسا ریٹ نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں گندم سستی ہو گی وہاں آٹے کے نرخ بھی کم ہوں گے۔ نئے نرخوں کے تعین کے لیے فلور ملز ایسوسی ایشن سے کل محکمانہ اجلاس ہو گا۔ ریٹ وہی ہو گا جو انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی مشاورت سے طے ہو گا۔
عبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ مل اوونرز عوام کی تکلیف کا احساس کرتے ہوئے تعاون کریں گے، اگر فلور ملز ایسوسی ایشن نے تعاون نہ کیا تو پھر حکومت اپنا طریقہ کار خود طے کرے گی۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گندم اور آٹے کی عوام کو وافر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، پنجاب حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں ، قلت نہیں ہو سکتی۔