لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹڈی دل کے خاتمے کی مہم کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کر دیا ہے۔ پنجاب کے متاثرہ اضلاع میں ٹڈی دل کی سرویلنس کیلئے ہیلی کاپٹر کو استعمال میں لایا جا سکے گا۔
عثمان بزدار نے محکمہ زراعت اور پی ڈی ایم اے حکام کو ہیلی کاپٹر استعمال میں لانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے 24 گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ جون اور جولائی میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے کے حوالے سے پیشگی تیاریاں کی جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس کے علاوہ اینٹی ٹڈی دل سکواڈ کو بھی میدان میں اتار دیا گیا ہے۔ اس کے غیر معمولی پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے ٹڈی دل کے خاتمے اور فصلوں کو بچانے کیلئے ایک ارب روپے کے وسائل فراہم کیے ہیں۔ وفاقی حکومت کے تعاون سے فضائی سپرے بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جامع لائن آف ایکشن کے ذریعے ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کیلئے تسلسل کیساتھ اقدامات جاری رکھے جائیں۔