اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے ڈینئیل پرل کیس میں ملزمان کی بریت کیخلاف سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ جسٹس منظور ملک نے کہا کہ سب سے پہلے امریکی صحافی ڈینیل پرل کے اغواء کو ثابت کرنا ہوگا، تفصیلی ریکارڈ عدالت میں جمع کروائیں پھر کیس سنیں گے۔
سندھ حکومت کی جانب سے فاروق ایچ نائیک خصوصی پراسیکیو ٹر کے طور پر پیش ہوئے۔ جسٹس منظور ملک نے کہا کہ فیصلہ معطل کرنے کیلئے درخواست میں غیر متعلقہ دفعات کا حوالہ دیا گیا ہے، سب سے پہلے امریکی صحافی ڈینیل پرل کے اغواء کو ثابت کرنا ہوگا، سندھ حکومت کا دعوی ہے کہ راولپنڈی میں سازش تیار ہوئی ؟ یہ بھی شواہد سے ثابت کرنا ہوگا، جائزہ لینا ہوگا کہ اعترافی بیان اور شناخت پریڈ قانون کے مطابق تھی یا نہیں؟۔
جسٹس منظور ملک نے کہا کہ حقائق کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، پہلے تفصیلی ریکارڈ عدالت میں جمع کروائیں پھر کیس سنیں گے۔ سندھ حکومت نے ٹرائل کورٹ کا ریکارڈ جمع کرانے کیلئے مہلت مانگی، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔