لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا وائرس پھیلنے کے خطرات کے پیش نظر مارکیٹوں اور بازاروں میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کی موثر مانیٹرنگ کی جائے کیونکہ کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے یہ اقدام بے حد ضروری ہے۔
سردار عثمان بزدار نے عوام سے ایک بار پھر اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومتی ہدایات پر من وعن عمل کریں۔ اپنے اور اپنے پیاروں کی حفاظت کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد شہریوں کے مفاد میں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ روزگار جاری رکھنا بھی ضروری ہے اور ایس او پیز پر عملدرآمد بھی، سب کو احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ تاجر برادری بھی جاری کردہ ہدایات پر عمل کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ علاج و معالجے کے لئے اقدامات پر کاربند ہے۔ سماجی فاصلے قائم رکھنے کی پالیسی پر عملدرآمد کرنے میں ہی تحفظ اور حفاظت ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ عام آدمی کی معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے کاروبار کی اجازت دی ہے۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ عوام کو مزید ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا۔ جتنی احتیاط کریں گے، اتنا ہی شہری محفوظ رہیں گے۔