لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کرنے والی بھارتی فوج کیخلاف جنگی جرائم کے تحت مقدمہ چلایا جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں افواج پاکستان پر فخر ہے، بھارت کو کسی بھی حرکت کا منہ توڑ جواب ہی ملے گا۔ بھارت اندر سے ٹوٹ رہا۔ نریندر مودی اور اس کے حواری بے وقوفی کر رہے ہیں۔ دنیا کو بھارتی مسلمانوں اور کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔
چودھری محمد سرور نے کہا کہ سختی کے بغیر پاکستان میں لوگوں کو کورونا سے بچانے کیلئے گھروں میں رکھنا ممکن نہیں ہے۔ بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں قومی نہیں، ذاتی مفادات کو سامنے رکھ کر سیاست کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پی ڈی این 11 لاکھ جبکہ سرور فاؤنڈیشن 60 ہزار غریب خاندانوں میں راشن فراہم کر چکی ہے۔ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے پنجاب آب پاک اتھارٹی تیزی کیساتھ کام کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہارنیوالے شہدا ہیں۔