اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم سے انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد نے ملاقات کی جس میں وائرس کی روک تھام، ڈاکٹرز، ہیلتھ کیئر سٹاف کے کردار اور صحت کے شعبے میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والوں میں ڈاکٹر مدیر خان، ڈاکٹر سعید مصطفیٰ، ڈاکٹر جواد واصف و دیگر شامل تھے۔ انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد نے شعبہ صحت میں موجودہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات پر اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں، ماضی میں ہیلتھ سیکٹر کو نظر انداز کیا گیا، اسی وجہ سے اب عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولیات تک رسائی میں مشکلات ہیں، حکومت کے صحت کے شعبے میں اصلاحات کا مقصد سہولیات کو بہتر بنانا ہے، عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور نظام میں موجود خامیوں کی اصلاح ہے۔
عمران خان سے ملاقات میں انصاف ڈاکٹرز فورم کی جانب سے وزیرستان میں ہسپتال کے قیام کی تجویز پر بات چیت کی گئی جس پر وزیراعظم نے کہا صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لئے قائم ٹاسک فورس اس تجویز پر غور کرے گی۔