ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پورا بازار بند کر دیا جائے گا، میاں اسلم اقبال

Last Updated On 04 June,2020 06:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں شام سات بجے کے بعد کاروبار بند کر دیئے جائیں گے، دکاندار اور گاہکوں کے لیے ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرائیں گے، خلاف ورزی پر دکان ہی نہیں پوری مارکیٹ بند ہوگی۔ شام 7 بجے کے بعد کوئی کاروبار نہیں ہوگا۔

انہوں نے تاجروں سے کہا کہ دکانوں کے باہر قائم تجاوزات ختم کی جائیں۔ بچوں اور بوڑھوں کو مارکیٹوں میں آنے سے روکا جائے۔ کل سے بازاروں کے سرپرائز دورے ہونگے۔

ادھر گوجرانوالہ میں حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کے خلاف شہر کی بڑی مارکیٹوں اور بازاروں کو بند کرا دیا گیا۔ اس موقع پر شاپنگ کے لئے آئی خواتین اور خریداروں کو واپس بھیج دیا گیا۔ مارکیٹوں کی تمام چھوٹی بڑی دکانوں کو بند کروا کے تالے لگوا دئیے گئے۔ ڈی سی گوجرانوالہ کا کہنا تھا کہ حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والی تمام مارکیٹوں کو بند کروایا جا رہا ہے۔

فیصل آباد میں بھی مارکیٹیں اور بازار بند کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں کمشنر، ڈپٹی کمشنر، پولیس افسران اور تاجر تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

ضلعی انتظامیہ کے حکام کا کہنا تھا کہ ایس او پیز پر عمل نہیں کیا جا رہا، جس پر مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ اس موقع پر تاجروں نے مطالبہ کیاکہ مارکیٹیں سیل نہ کی جائیں، ایک موقع دیا جائے۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رحیم یار خان پہنچنے کے بعد اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ کمشنر بہاولپور نے کورونا، ڈینگی، ٹڈی دل اور احساس ایمرجنسی پروگرام کے بارے میں انھیں تفصیلی بریفنگ دی۔ عثمان بزدار نے کورونا کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا۔
 

Advertisement