اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وباء کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز دستیابی کے حوالے سے موبائل ایپ نگہبان لانچ کر دی۔ ایپ کو ملک بھر کے ایک ہزار 110 ہسپتالوں سے منسلک کیا گیا ہے۔
موبائل ایپ گوگل ڈرائیو کورونا صورتحال سے متعلق ویب سائٹ کے ڈیش بورڈ پر بھی دستیاب ہے۔ ایپ کی مدد سے ہیلتھ کیئر ورکرز، ایمرجنسی رسپانڈ اور کوئی شہری نزدیکی ہسپتال میں بیڈ اور وینٹی لیٹرز کی دستیابی کی آگاہی حاصل کرسکتا ہے۔ ایپ ایمرجنسی کی صورت میں زندگیاں بچانے میں انتہائی معاون ہوسکتی ہے۔
ریسورس مینجمنٹ سسٹم کا بھی اجرا کر دیا گیا۔ ریسورس مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے صوبے اپنے اپنے علاقوں میں ہسپتالوں کے اندر موجود سہولتوں کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ سسٹم کے ذریعے ہسپتالوں کی صلاحیت کو چیک کیا جاسکے گا، جن ہسپتالوں میں سہولیات کی کمی ہوگی وہاں سہولتیں بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 89 ہزار 249 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 68 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد ایک ہزار 838 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 896 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 33 ہزار 144، سندھ میں 33 ہزار 536، خیبر پختونخوا میں 11 ہزار 890، بلوچستان میں 5 ہزار 582، گلگت بلتستان میں 852، اسلام آباد میں 3 ہزار 946 جبکہ آزاد کشمیر میں 299 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 6 لاکھ 38 ہزار 323 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 812 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 31 ہزار 198 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 68 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 838 ہوگئی۔ سندھ میں 575، پنجاب میں 629، خیبر پختونخوا میں 521، گلگت بلتستان میں 12، بلوچستان میں 53 اور اسلام آباد میں 41 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔