اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن پلان کی منظوری دیدی، انکوائری کمیشن رپورٹ کی سفارشات پر عملدرآمد کا فیصلہ بھی کر لیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا، معاونین خصوصی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے چینی بحران کے ذریعے عوام کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگانے والوں کے خلاف کارروائی کی سفارشات پیش کیں جن میں قانونی کارروائی کے علاوہ چینی کے شعبے کی ریگولیشن اور پیسوں کی ریکوری کا میکنزم کار بھی شامل ہے۔
اجلاس میں رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی حتمی منظوری دی گئی۔ واضح رہے مذکورہ اجلاس سے قبل وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے ٹویٹر پیغام سے ذریعے قوم کو یقین دلایا تھا کہ چینی بحران سے فائدہ اٹھانے والوں اور مافیا کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا وزیراعظم کی جانب سے کیا گیا وعدہ ضرور پورا ہو گا۔