اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو زرداری کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے مالی گوشواروں میں تضاد کا معاملہ نمٹا دیا۔
الیکشن کمیشن ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے مالی گوشواروں سے متعلق سماعت کی۔ بلاول بھٹو زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور نیا جواب پیش کیا۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ تمام چیزوں کی دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کرا چکے ہیں، الیکشن کمیشن نے دستاویزات کاجائزہ لینے کے بعد معاملہ نمٹا دیا۔
دوسری جانب احتساب عدالت میں میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت کے دوران آصف زرداری اور فریال تالپور کی جانب سے پھر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی۔ نیب حکام کا کہنا تھا کہ ریفرنس کی کاپیاں جمع کروا دی ہیں، عدالت ملزمان پر فرد جرم عائد کرے، انور مجید کے ویڈیو بیان کے حوالے سے بھی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کی عمریں بھی 60 سال سے زائد ہے، عمر رسیدہ افراد کے کورونا کے شکار ہونے کے زیادہ خطرات ہیں۔ عدالت نے کہا کہ جو ملزمان نہیں آ سکتے ان کا ویڈیو بیان ریکارڈ کر لیتے ہیں۔ عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی آج حاضری سے استنشی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 7 جولائی تک ملتوی کر دی۔