کراچی: (دنیا نیوز) ضلع کے 5 ٹاؤن میں مریضوں کی تعداد سات سو سے زائد ہو گئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفسیر نے متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کرنے کی سفارش کر دی۔
تفصیل کے مطابق کراچی کا ضلع غربی کورونا کے حوالے حساس صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ ضلع کے 5 گنجان آباد ٹاؤن میں مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ مریضوں کی تعداد سات سو سے تجاوز کر گئی۔ کورونا کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے سائٹ پہلے اور بلدیہ ٹاؤن دوسرے نمبر پر ہے۔
مریضوں کی بڑھتی تعداد کے باعث ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے متاثرہ علاقوں گلشن معمار، خدا کی بستی، سرجانی ٹاؤن سیکٹر الیون ون، بھٹہ ولیج، سلطان آباد، کیماڑی ڈاکس اور مجید کالونی کے علاقوں کو سیل کرنے کی سفارش کی ہے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو خط بھی لکھ دیا ہے جس میں بلدیہ ٹاؤن میں اسلام نگر، نیول کالونی، نئی آبادی، سعید آباد، مجاہد کالونی، آفریدی کالونی، مہاجر کیمپ اور کوکن کالونی کے علاقوں کو بھی بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے جہاں سماجی فاصلے ہوں گے، وہاں لاک ڈاؤن نہیں ہوگا۔ کورونا پر قابو پانے کا واحد طریقہ احتیاط ہے۔
انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں کو سیل کرنے پر مشاورت جاری ہے۔ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت کی جاری پالیسی کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔