اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان سے پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان نے ملاقات کی، جس میں ملکی تازہ صورت حال بالخصوص پنجاب کے سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں صوبائی حکومت کی جانب سے پیش کیے جانے والے بجٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کے باجود پنجاب میں عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا، تعلیم اور صحت کے لئے تاریخی بجٹ حکومتی ترجیحات کا عکاس ہے۔
بابر اعوان نے کہا کہ قوم وزیراعظم کے تبدیلی کے ویژن کو حقیقت میں بدلتا دیکھنا چاہتی ہے، وفاقی حکومت بھی معاشی پالیسیوں میں بہتری کے لئے مسلسل محنت کر رہی ہے، عالمی ادارے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے پر کشش ملک قرار دے رہے ہیں، کورونا کی صورت حال سے نکلتے ہی معیشت بہتر پوزیشن میں ہوگی۔
علیم خان نے پارلیمانی معاملات بہترین انداز میں چلانے پر بابر اعوان کو مبارکباد دی۔ علیم خان نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں بجٹ اجلاس اور ایوان کی کارروائی کا طریقہ کار بہترین تھا۔