اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت بی این پی مینگل کو منانے کیلئے متحرک ہوگئی، حکومتی وفد آج بی این پی مینگل سے رابطہ کرے گا، شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر ملاقات کریں گے جس میں بی این پی مینگل کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔
واضح رہے قومی اسمبلی کی کل 342 نشستیں ہیں جبکہ موجودہ ارکان کی تعداد 341 ہے۔ جے یو آئی کے منیر اورکزئی کی وفات کے باعث ایک نشست خالی ہے۔ حکومت بنانے کیلئے ایوان میں سادہ اکثرت 172 ہونی چاہیئے۔
بی این پی کی حکومت سے علیحدگی کے بعد قومی اسمبلی میں حکومتی اتحاد میں 180 ارکان ہیں۔ جس میں پی ٹی آئی کے 156، متحدہ کے 7، جی ڈی اے کے 3، بی اے پی کے 5، (ق) لیگ کے 5، جمہوری وطن پارٹی کا 1، 2 آزادار اور عوامی مسلم لیگ کا ایک رکن شامل ہے۔
خیال رہے کہ اگست 2018 میں بلوچستان نیشنل پارٹی - مینگل اور تحریک انصاف نے مرکز میں حکومت سے اتحاد کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے۔ قومی اسمبلی میں بی این پی مینگل کے چار ارکان ہیں جب کہ بی این پی مینگل کا سینیٹ میں ایک رکن ہے۔ ارکان میں سردار اختر مینگل، آغا حسن بلوچ، ہاشم نوتیزئی، شہناز بلوچ شامل ہیں۔