صدر، وزیراعظم سمیت دیگر رہنماؤں کا طارق عزیز کے انتقال پر اظہار افسوس

Last Updated On 17 June,2020 05:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم اور دیگر سیاسی شخصیات نے طارق عزیز کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔ عمران خان نے کہا طارق عزیز کی وفات پر افسردہ ہوں، وہ اپنے دور کے آئکن اور ٹی وی گیم شو کے بانی تھے۔

صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ممتاز فنکار اور پروگرام نیلام گھر کے نامور میزبان طارق عزیز کے انتقال پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ریڈیو، ٹی وی، فلم کے ہر میڈیم پر طارق عزیز نے اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا، وہ علم و ادب اور فنون لطیفہ سے محبت رکھنے والے انسان تھے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستان طارق عزیز کے ایمان کا حصہ تھا وہ وطن کی پہچان، اس کی  دعا  اور پاکستان زندہ باد کی پر جوش آواز تھے، اللہ تعالی انہیں اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی طارق عزیز کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا طارق عزیز نے ٹی وی کمپیئرنگ کے فن میں نئی جہت متعارف کرائیں، طارق عزیز کا منفر انداز ان کی وجہ شہرت تھا،  سنتے کانوں، دیکھتی آنکھوں کو طارق عزیز کا سلام پہنچے  کہنے والی آواز ہمیشہ کیلئے خاموش ہوگئی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا طارق عزیز اپنے ادبی ذوق کی وجہ سے اپنی ذات میں انجمن تھے، پی ٹی وی کے طویل ترین مقبول پروگرام نیلام گھر کو طارق عزیز نے بام عروج پر پہنچایا، وہ کمپیئرنگ کے فن میں اپنی مثال آپ بن کر ابھرے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے بھی معروف آرٹسٹ اور طارق عزیز شو کے بانی طارق عزیز کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا طارق عزیز نے دہائیوں تک پی ٹی وی کے ذریعے پاکستانی عوام کو تعلیم و تفریح فراہم کی۔

شبلی فراز نے کہا طارق عزیز اعلی فنکارانہ صلاحیتوں کی حامل ادبی شخصیت تھے، اپنے پروگرام کو عوام کی تعلیم و تربیت کا ذریعہ بنایا، طارق عزیز لوگوں کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے طارق عزیز کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا مرحوم ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا طارق عزیز نے نیلام گھر پروگرام کے ذریعے کئی نسلوں کو اپنی ثقافت اور ادب سے روشناس کرایا، ملک میں آرٹ، ثقافت اور ٹیلیویژن کے لیے ان کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جا سکتی، اللّہ تعالیٰ طارق عزیز مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔
 

Advertisement