اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم نے مذاکراتی کمیٹی کو اتحادیوں کو منانے کی ہدایت کر دی۔ عمران خان نے پرویز خٹک کو اتحادیوں کے خدشات دور کرنے سے متعلق ٹاسک دے دیا۔
ذرائع کے مطابق اتحادیوں کے خدشات پر وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اسد عمر، پرویز خٹک، اسد قیصر، شفقت محمود اور بابر اعوان شریک ہوئے، اجلاس میں بی این پی مینگل سے ہونے والے مذاکرات اور رابطوں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بی این پی مینگل کے 6 مطالبات کے نکات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، جن نکات پر عمل نہیں ہوا ان کی وجوہات بی این پی مینگل سے شئیر کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بی این پی مینگل سے دوبارہ باضابطہ رابطہ کیا جائے، بی این پی مینگل کے مطالبات اور خدشات دور کئے جائیں، بی این پی سمیت تمام اتحادی ہمارے لئے اہم ہیں، اتحادیوں کو ناراض نہیں کرینگے، ان کے خدشات دور کئے جائیں۔