اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے حکومت سے علیحدگی کے معاملے پر حکومت نے ان کیساتھ پہلا باضابطہ رابطہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سردار اختر مینگل سے ملاقات کی اور پرویز خٹک کی سربراہی میں قائم مذاکراتی کمیٹی کا پیغام پہنچایا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔
چیئرمین سینیٹ نے بی این پی سربراہ کو مذاکراتی کمیٹی کی طرف سے جلد ملاقات کی اطلاع بھی دی۔ تاہم ذرائع کے مطابق سردار اختر مینگل اپنے موقف پر قائم ہیں، انہوں نے جواب دیا ہے کہ جو کرنا تھا کر لیا، اب میرے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہے۔
سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ اب حکومت نے پیشرفت کرنی ہے۔ اسپر چیئرمین سینیٹ نے انھیں یقین دہانی کرائی کہ آپ کا پیغام مذاکراتی کمیٹی کو پہنچا دوں گا، مگر ہمیں آپ کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے ہم مل کر زیادہ موثر کوششیں کر سکتے ہیں۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں سردار اختر مینگل نے کہا کہ صادق سنجرانی کا تحریک انصاف سے تعلق نہیں، وہ حکومت کے اتحادی اور چیئرمین سینیٹ ہیں، اسی لئے وہ آئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ جاننا چاہتے تھے کہ ایسا کیوں ہوا؟ میں نے انھیں کہا کہ آپ جا کر حکومت سے پوچھیں کہ معاہدوں پر عمل کیوں نہیں ہوا؟