اسلام آباد: (دنیا نیوز) کہتے ہیں محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ یہ بات سچ کر دکھائی پانچ بہنوں نے، جنہوں نے سینٹرل سپیریئر سروس کے امتحان میں کامیابی حاصل کی اور اس وقت مختلف سرکاری عہدوں پر کام کر رہی ہیں۔
سب سے بڑی بہن لیلیٰ ملک شیر نے 2008ء میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا۔ لیلیٰ ملک شیر اس وقت کراچی میں انکم ٹیکس کے محکمے میں ڈپٹی کمشنر کے فرائض ادا کر رہی ہیں۔
اس کے بعد شیریں ملک شیر ہیں جو آج کل نیشنل ہائی وے اتھارٹی اسلام آباد میں ڈائریکٹر ہیں۔ تیسری بہن سسی ملک شیر ڈپٹی ایگزیکٹو سی ای او چکلالہ کینٹ راولپنڈی ہیں۔
پھر ماروی ملک شیر جو بطور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد فرائض ادا کر رہی ہیں۔ ضحیٰ ملک سب سے چھوٹی بہن ہیں جو 17 جون کو جاری کیے جانے والے نتائج کے مطابق وہ آفیسرز مینجمنٹ گروپ میں شمولیت اختیار کریں گی۔