لاہور: (دنیا نیوز) کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاہور میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا تیسرا روز، فہرست میں شامل علاقے، گلیاں اور بلاکس کو بیرئیرز، خار دار تار تاریں اور قناتیں لگا کر بند کیا گیا ہے۔ پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی پر مامور، کسی کو غیر ضروری آمدو رفت کی اجازت نہیں۔
شاد باغ کے علاقے گول باغ کی گلی نمبر 2 تیسرے روز بھی بند ہے، گلی کے داخلی راستے کو بیرئیر اور خار دار تار لگا کر بند کیا گیا ہے۔ گول باغ گلی نمبر 2، 90 گھروں پرمشتمل ہے، یہاں سے کورونا کے 24 کنفرم کیسز سامنے آئے تھے جبکہ کورونا سے 3 اموات بھی ہوچکی ہیں۔
گول باغ گلی نمبر 2 میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ صرف گلی کے رہائشیوں کو اشیائے ضروریہ کی خریداری کے لئے باہر جانے کی اجازت ہے
دوسری جانب راج گڑھ کے علاقے رام نگر روڈ گلی نمبر 10، 13 چوہدری بلڈنگ اور اسلام سٹریٹ بھی بدستور بند ہے، مکینوں کی آمدورفت محدود، صرف اشیائے خورونوش کی خریداری کی اجازت ہے۔
سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے لیے 40 پولیس اہلکار تین شفٹوں میں ڈیوٹی دے رہے ہیں، 10 گھروں سے 14 مریضوں میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی۔ علاقہ مکینوں نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے حکومتی اقدام کو احسن قرار دیا اور کہا لوگوں کو خود بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے۔
لاہور میں کورونا کے بے تحاشا مریض سامنے آنے پر حکومت نے شہر کے 61 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا ہے تا کہ وائرس کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔