اسلام آباد: (دنیا نیوز) لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا نوٹس لیتے ہوئے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ تھماتے ہوئے زور دیا گیا کہ بھارت 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔ بھارتی قابض افواج لائن آف کںٹرول اور ورکنگ باوئنڈری پر سول آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ رواں برس بھارت نے 1440 مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کیں۔ بھارتی اشتعال انگیزی سے رواں برس 13 افراد شہید جبکہ 104 شدید زخمی ہوئے۔
خیال رہے کہ بیس جون کو بھارتی افواج کی فائرنگ سے ایک بچی شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے تھے۔ بھارتی فوج نے گزشتہ روز کنٹرول لائن (ایل او سی) کے حاجی پور اور بیڈوری سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کے ذریعے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔
بیڈوری سیکٹر کے مینسر گاؤں میں بھارتی فوجیوں کی بلا اشتعال فائرنگ سے 13 سالہ معصوم بچی اقرا شبیر شہید جبکہ اس کی ماں اور ایک 12 سالہ لڑکا شدید زخمی ہو گئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کا موثر جواب دیا۔