لاہور: (دنیا نیوز) میٹرک نتائج کی تیاری کے حوالے سے اہم اقدام سامنے آ گیا۔ کابینہ کمیٹی برائے کورونا نے دسویں جماعت کے پرچے چیک کرنے کی اجازت دے دی۔ ایک سے دو روز میں پرچوں کی مارکنگ کا آغاز ہو جائے گا۔
اجازت ملنے بارے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے مارکنگ کی باقاعدہ منظوری دی ہے۔ ایچ ای ڈی اس حوالے سے جلد نوٹیفکیشن بھی جاری کر دے گا۔
نوٹیفکیشن ملنے کے بعد تمام تعلیمی بورڈز مارکنگ کا آغاز کریں گے۔ پنجاب میں 10 لاکھ سے زائد طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی تھی جن میں سے لاہور میں دو لاکھ 75 ہزار سے زائد طلبہ نے دسویں کے پرچے دیے تھے۔
لاہور میں پرچوں کی چیکنگ کے لیے 27 مارکنگ سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں۔ 27 سو اساتذہ کورونا ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے مارکنگ کریں گے۔
گزشتہ روز صوبائی وزیر راجا یاسر ہمایوں نے بتایا تھا کہ دسویں کے نتائج کا اعلان ستمبر میں ہوگا۔ نویں، گیارہویں اور بارہویں کے طلبہ کی پرموشن پالیسی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سکول کھولنے کیلئے تیاری، نجی تعلیمی اداروں سے بھی تجاویز طلب
ادھر محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکول کھولنے کے لئے ایس او پیز اور تجاویز پر کام شروع کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں نویں، دسویں جماعت کو سکول بلانے کی تجویز دی جائے گئی۔
ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں آٹھویں اور پانچویں جماعت کے طلبہ کو سکول بلانے کی تجویز پر غور کیا جائے گا، سکولوں کے اوقات کار 3 گھنٹے کرنے کی تجویز ہے، سکول کھلتے ہی آغاز میں صرف لازمی مضامین کو پڑھنے کی تجویز ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے نجی سکولوں سے بھی تجاویز مانگ لیں، نجی سکولوں کو 2 کیٹگریز میں تقسیم کر دیا گیا، 4 ہزار سے کم اور 4 ہزار سے زائد فیس لینے والے سکولوں کو 2 کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا، 2 کیٹگریز کے سکولوں کو کل تک ایس اوپیز جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔