اسلام آباد: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی مدت ختم ہوگئی۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سابق ڈی آئی جی میر افضل خان کو نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔
نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان کے نام کی باضابطہ منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، 25 جون کو نگران وزیراعلیٰ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جس کے بعد صوبے میں انتخابات کا پراسیس شروع کرنے کیلئے نگران حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
میر افضل خان کا تعلق ضلع استور کے علاقے بونجی سے ہے، میر افضل خان طویل عرصے تک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں مختلف عہدوں پر کام کرتے رہے اور انہوں نے ایس پی اور پھر ایس ایس پی کی حیثیت سے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں فرائض سرانجام دیئے جبکہ چند سال قبل وہ ڈی آئی جی کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔