اسلام آباد: (طارق عزیز) وزیر اعظم کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ سے قبل تحریک انصاف کے پارلیمانی اجلاس میں ایک مرتبہ پھر ارکان اسمبلی، وفاقی وزرا بالخصوص غیر منتخب مشیروں، معاونین خصوصی کے خلاف پھٹ پڑے۔
ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزرا، مشیر، معاونین خصوصی ہمیں لفٹ نہیں کراتے، ان کے نزدیک ہماری کوئی وقعت نہیں ہے ہم لاکھوں ووٹ لے کر اس ایوان میں آئے ہیں۔ ارکان اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ ان ہاؤس تبدیلی کی باتیں ہو رہی ہیں اس بارے ہمیں اعتماد میں لیا جائے اور بتایا جائے کہ اصل صورتحال کیا ہے۔
جبکہ باپ کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران سردار اسرار ترین کو پارٹی نے وفاقی وزیر کے عہدے کے لئے نامزد کرتے ہوئے وزیراعظم کو آگاہ کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے باپ کے سربراہ وزیراعلیٰ جام کمال سے مشاورت کا کہا ہے، کیونکہ جام کمال اسرار ترین کی بجائے سینیٹر انوار الحق کو وفاقی وزیر بنوانا چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گوادر سے سردار اسلم بھوتانی نے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران صوبائی حکومت کے عدم تعاون کا گلہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے فنڈز روک لیے گئے ہیں جس پر وزیراعظم نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ گوادر کیلئے فنڈز بھی ملیں گے اور آپ کے کام بھی ہوں گے۔