اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے فیصل آباد کے لیے ترقیاتی پیکیج لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ایم این اے فرخ حبیب کی درخواست پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کو پیکج کی تیاری کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ سوئی گیس کی فراہمی سمیت ہسپتال، سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کا کام مکمل کیا جائے اور ایکسپورٹرز اور پاور لون کمپنیوں کے مسائل بھی فوری حل کریں۔
اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے، اسد عمر کو وزیر اعلی پنجابسردار عثمان بزدار ، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم بخت جواں اور چیف سیکرٹری سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اقلیتی برادری کے ممبران قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور اس ضمن میں مجوزہ قانون سازی کا عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور زندگی کے ہر شعبے میں یکساں مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے ممبران میں جے پرکاش، شنیلہ رتھ، لعل چند، رمیش کمار، جمشید تھامس شامل تھے۔ اس موقع پر وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری اور پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔ اقلیتی ممبران نے وزیراعظم کو اپنے متعلقہ حلقوں، خصوصاً اقلیتی برادری سے متعلقہ امور کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں جو کردار ادا کر رہی ہے وہ لائق تحسین ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور زندگی کے ہر شعبے میں یکساں مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے- ہم سب نے اپنی صفوں میں اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور اس ضمن میں مجوزہ قانون سازی کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔وزیراعظم نے اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے حوالے سے فنڈذ جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین، بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عالمی برادری کشمیر کی صورتحال پر بھارت سے جواب طلب کرے۔
وزیراعظم عمران خان نے تشدد کے شکار افراد کی حمایت کے عالمی دن پر ٹویٹس کرتے ہوئے لکھا کہ مقبوضہ کشمیر میں عورتوں اور بچوں کو پلیٹ گن، جنسی تشدد، بجلی کے جھٹکے اور ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق تنظیم کی رپورٹ نے بھارتی قابض افواج کے مظالم کی تفصیل بیان کی گئی۔
عمران خان نے کہا مودی کی ہندوتوا حکومت کے احکامات پر مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج مظالم کر رہی ہے، عالمی برادری کی انسانی حقوق کی کھلے عام خلاف ورزی اور مظالم پر خاموشی نا قابل قبول ہے۔