اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمر ایوب نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ کے حساب سے پاکستان میں پٹرول اب بھی سستا ہے، بنگلا دیش، بھارت اور دیگر ممالک میں قیمت زیادہ ہے، اتار اور چڑھاؤ کے مطابق چلیں گے۔
وفاقی وزیر عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا انرجی مکس میں بہتری پر توجہ دے رہے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی کے مطابق طے ہوتی ہیں، عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت میں 112 فیصد اضافہ ہوا، عالمی مارکیٹ کے حساب سے تیل کی قیمتوں میں کم اضافہ کیا، جنوری میں پٹرول کی قیمت 116 روپے 70 پیسے تھی، پٹرول کی قیمت جنوری کے مقابلے 17 روپے فی لٹر کم ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا حکومت نے بجلی کے ترسیلی نظام کو ترقی دی، اس وقت ترسیلی نظام کی صلاحیت 26 ہزار میگاواٹ سے زائد ہے۔