عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے ملک میں قیمتیں بڑھانا پڑیں: شبلی فراز

Last Updated On 27 June,2020 03:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے ملک میں بھی قیمتیں بڑھانا پڑیں۔

وزیر اطلاعات شبلی فراز کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ اب بھی ملک میں پٹرول کی قیمت خطے سے کم ہے، دیگر ممالک کی نسبت کم اضافہ کیا گیا، عوام کی فلاح پہلی ترجیح ہے، ریلیف دینے کی کوشش کرتے رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وبا نے دنیا بھر کی معیشتوں کو متاثر کیا، بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایسا اضافہ نہیں دیکھا، اسی وجہ سے قیمتوں میں نظرثانی کرنا پڑی۔

 خیال رہے حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 25 روپے 58 پیسے اضافہ کر دیا جس کے بعد قیمت 100 روپے 10 پیسے فی لٹر ہوگئی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 21 روپے 31 پیسے فی لٹر مہنگا کر کے 101 روپے 46 پیسے فی لٹر کر دیا۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 23 روپے 50 پیسے فی لٹر اضافے کے بعد اس کی قیمت 59 روپے 6 پیسے، لائٹ ڈیزل آئل 17 روپے 84 پیسے مہنگا کر کے 55 روپے 98 پیسے فی لٹر کا کر دیا گیا ہے۔

Advertisement