اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی آج وفاقی بجٹ 2020-21 کی منظوری دے گی، اپوزیشن نے بجٹ منظوری کے دوران احتجاج کی حکمت عملی تیار کر لی۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے مشترکہ حکمت عملی بنالی۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے آج کے اجلاس کا تین نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا، قومی اسمبلی کا اجلاس آج منعقد ہوگا۔ ایوان وفاقی میزانیہ 2020-21 کی منظوری دے گا۔ وفاقی وزیر حماد اظہر فنانس بل منظوری کے لئے پیش کریں گے۔ فنانس بل میں ترامیم بھی پیش کی جائیں گی۔ حکومت کی طرف سے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر بجٹ پاس کروانے کی تیاری مکمل کرلی گئی۔
خیال رہے وزیراعظم نے گزشتہ روز ارکان اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا اور سب سے الگ الگ ملاقات کی، جس میں ان کے تحفظات اور مسائل سنے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر معاشی اہداف، مشکلات اور کورونا کی صورت حال میں ملک کو درپیش مسائل پر بھی بات چیت کی۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی کو بجٹ منظوری کے وقت حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں اور شدید مالی مشکلات کے باوجود ٹیکس فری بجٹ دیا۔