کورونا: اپریل تا جون 7 کروڑ 10 لاکھ افراد غربت کاشکار

Last Updated On 03 July,2020 11:13 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) عالمی بینک نے کہا ہے کورونا کی وبا کے باعث اپریل سے جون تک 7 کروڑ 10 لاکھ افراد انتہائی غربت کا شکار ہوگئے ہیں، اگر 30 ستمبر تک کورونا پر قابو نہ پایا جاسکا تو یہ تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کرسکتی ہے۔

خط غربت سے نیچے جانے والے افراد کی اکثریت جنوبی ایشیائی ممالک سے تعلق رکھتی ہے جن میں پاکستان بھی شامل ہیں۔ کورونا کے پھیلاؤ کے بعد لاک ڈاؤن کے باعث 17 کروڑ 60 لاکھ افراد غربت کے اس سلیب سے نیچے چلے گئے ہیں جن کی یومیہ آمدن 3 ڈالر 20 سینٹ ہے۔ یومیہ 5 ڈالر 50 سینٹ کمانے والے افراد بھی کورونا کے باعث بری طرح متاثر ہوئے اور 17 کروڑ 70 لاکھ افراد اس آمدن کے قابل نہیں رہے۔

کورونا سے قبل تخمینہ لگایا گیا تھا کہ خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کی تعداد 74 کروڑ سے کم کر کے 2021 کے اختتام تک 57 کروڑ تک کم کی جائے گی۔ عالمی بینک کی تعریف کے تحت یومیہ 1 ڈالر 93 سینٹ کمانے والی آبادی کو غریب ترین تصور کیا جاتا ہے۔ کورونا کے باعث 7 کروڑ 10 لاکھ افراد اس کمائی سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔
 

Advertisement