وزیراعظم کی موثر حکمت عملی سے وبا کے پھیلاؤ میں کمی آئی: شبلی فراز

Last Updated On 04 July,2020 11:55 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی موثر حکمت عملی سے وبا کے پھیلاؤ میں کمی آئی، سمارٹ لاک ڈاؤن کے نتائج ہر سطح پر نظر آ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کورونا ابھی ختم نہیں ہوا، ایس او پیز پر عمل کرتے رہنا ہوگا۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار 283 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 68 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 619 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 387 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 80 ہزار 297، سندھ میں 90 ہزار 721، خیبر پختونخوا میں 27 ہزار 506، بلوچستان میں 10 ہزار 717، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 536، اسلام آباد میں 13 ہزار 292 جبکہ آزاد کشمیر میں ایک ہزار 214 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 13 لاکھ 72 ہزار 825 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 50 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک ایک لاکھ 25 ہزار 94 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 460 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 68 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 619 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 844، سندھ میں ایک ہزار 459، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 2، اسلام آباد میں 130، بلوچستان میں 122، گلگت بلتستان میں 28 اور آزاد کشمیر میں 34 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement