اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات ترجیح ہیں، کوشش ہے وبا کا پھیلاؤ روکنے کے ساتھ روزگا ربھی چلتا رہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا صورتحال میں بہتری آ رہی ہے، اگر احتیاط نہ کی تو پھر سزا ملے گی، وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے سپیشلائزڈ ہسپتال قائم کیا۔ انہوں نے کہا طبی عملے نے قومی جذبے کے تحت کورونا کا مقابلہ کیا، طبی استعداد کار میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں، عوام نے مشکل حالات میں ملک کیلئے پر خلوص جذبے سے کام کیا، ایس او پیز پر عمل ہوگا تو کاروبار بھی چلے گا اور لوگ بھی صحت مند رہیں گے۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار 283 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 68 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 619 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 387 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 80 ہزار 297، سندھ میں 90 ہزار 721، خیبر پختونخوا میں 27 ہزار 506، بلوچستان میں 10 ہزار 717، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 536، اسلام آباد میں 13 ہزار 292 جبکہ آزاد کشمیر میں ایک ہزار 214 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 13 لاکھ 72 ہزار 825 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 50 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک ایک لاکھ 25 ہزار 94 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 460 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 68 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 619 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 844، سندھ میں ایک ہزار 459، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 2، اسلام آباد میں 130، بلوچستان میں 122، گلگت بلتستان میں 28 اور آزاد کشمیر میں 34 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔