سمارٹ لاک ڈاؤن کے زبردست اثرات، صحتمند افراد کی تعداد مریضوں سے زیادہ ہو گئی

Last Updated On 04 July,2020 09:50 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے اثرات سامنے آنے لگے، کورونا وائرس سے ایک ہی دن میں 11 ہزار 471 لوگ صحت یاب ہوگئے جس کے بعد متاثرہ لوگوں کی صحتیابی کا تناسب 55 اعشاریہ 5 فیصد ہو گیا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو آیا تھا اور اب اس وبا کو ساڑھے 3 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے تاہم ابتدا میں اس کے پھیلاؤ میں کمی رہی،ایک موقع پر صورتحال تشویشناک ہوئی تاہم اب حوصلہ افزاء خبریں موصول ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3ہزار 387 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 68 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، 24 گھنٹوں میں 22 ہزار 50 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ اب تک ملک بھر میں 13لاکھ 72ہزار 825 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد کی بات کی جائے تو اب تک 4 ہزار 619 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، 2 لاکھ 25 ہزار 283 افراد میں کورونا ہوا جن میں سے ایک لاکھ 25 ہزار 94 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے بہترین نتائج مل رہے ہیں: وزیراعظم عمران خان

صوبوں کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو اس وقت سندھ میں سب سے زیادہ کیسز ہیں، سندھ میں 90 ہزار 721 افراد مہلک وباء کا نشانہ بن چکے ہیں۔ اس وقت 38354 ایکٹو کیسز ہیں جبکہ 5090 افراد صحت یاب ہو چکےہیں جبکہ 1459 افراد چل بسے ہیں۔

پنجاب میں اس وقت کیسز کی تعداد 80297 ہے، 35599 ایکٹو کیسز ہیں، 42854 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں، صوبے میں 1844 افراد خالق حقیقی سے جا ملے ۔

خیبرپختونخوا کی بات کی جائے تو کیسز کی تعداد 27506 ہے، 10984 ایکٹو کیسز ہیں، 15520 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں، 1002 افراد وباء سے لڑتے لڑتے چل بسے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت کی بات کی جائے تو 13 ہزار 292 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں، 8610 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 4552 ہے۔

گلگت بلتستان کی بات کی جائے تو 1536 افراد میں کنفرم مریض ہیں، ان میں سے 1185 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 323 ایکٹو کیسز ہیں۔ 28 افراد زندگی ہار چکے ہیں۔

بلوچستان میں 10717 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں، 5264 ایکٹو کیسز ہیں، 5331 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ صوبے میں 122 افراد چل بسے ہیں۔

آزاد کشمیر کی بات کی جائے تو 1214 افراد وباء کا نشانہ بن چکے ہیں، ان میں سے 686 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں، جبکہ 494 ایکٹو کیسز ہیں، جاں بحق افراد کی تعداد 34 ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 2 ہزار 460 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔  

Advertisement