اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے بہترین نتائج مل رہے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے قیام کو 100 دن مکمل ہونے پر وزیر اعظم نے سینٹر کا کا دورہ کیا اور کورونا وائرس کیخلاف ملک بھر میں مربوط اقدامات کو یقینی بنانے میں این سی او سی کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ،وفاقی وزراء ، اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔
اس موقع پروزیر اعظم کو کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ آئی ایم ایف کے عالمی اقتصادی آؤٹ لک کے مطابق پاکستان نے متوقع مندی کو منفی اعشاریہ 4 فیصد سے لے کر 1.1 تک تبدیل کردیا ہے۔ 19 جولائی سے 20 مئی تک ، خطے کے دوسرے ممالک سے برآمدات کے مقابلے میں پاکستان کی برآمدات میں بہتری آئی ہے۔
وزیر اعظم نے کورونا وائرس کے خلاف ملک بھر میں مربوط اقدامات کو یقینی بنانے میں این سی او سی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ این سی او سی نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں محاذ کی قیادت کی ہے۔انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو فرنٹ لائن ورکرز کے طور پر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور عیدالاضحیٰ کے دوران کورونا وباء سے متعلق عوام میں آگاہی بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے بہترین نتائج مل رہے ہیں
یہ بھی پڑھیں: کورونا مزید 68 زندگیاں نگل گیا، وائرس سے 2 لاکھ 25 ہزار 283 شہری متاثر
اس سے قبل وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی اسد عمر کاکہنا ہے کہ کورونا وبا ء میں ڈاکٹرز کے مشورے اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد مشکل کام نہیں ہے، ایس او پیز پر عمل ہوگا تو کاروبار بھی چلے گا اور لوگ بھی صحت مند رہیں گے۔
اسلام آباد میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے ہمراہ این آئی ایچ میں نو تعمیر آئیسولیشن اینڈ اسپیشل ٹریٹمنٹ سینٹر کے دورےکے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کورونا سے متعلق صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے ۔
اسدعمر نے بتایا کہ اسلام آباد میں 40 دن میں آئیسولیشن اسپتال مکمل کیا گیا ہے، ہماری تیاریاں مکمل ہیں، اگلے ہفتے وزیراعظم آئسولیشن اسپتال کا افتتاح کریں گے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس اسپتال میں آکسیجن اور وینٹی لیٹرز سمیت تمام سہولیات کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ یہاں 250 بیڈ بھی موجود ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کورونا پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،ملک میں صحت کی سہولیات میں اضافہ ہورہاہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو اس کی سزا بھی ملے گی، ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہوگی، عید پر گلے نہ ملنے سمیت چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھیں کیوں کہ ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو حالات بگڑ بھی سکتے ہیں۔
اس عمر نے کہا کہ مشکل وقت میں تمام پاکستانی ایک ہوجاتے ہیں، احتیاطی تدابیرپرعمل کرناکوئی مشکل کام نہیں ہے۔
دوسری طرف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)کے خدمت اور قومی کاوش کے 100دن مکمل ہوگئے، این سی و سی نے اِن100دِنوں میں قومی یکجہتی اور وَبا سے نمٹنے کے لئے دِن رات بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے اور معیشت کو بحال رکھنے کی حکمت عملی وضع کی۔
این سی او سی کے مطابق الحمدللہ آج ملک میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد مثبت کیسز سے زیادہ ہوچکی ہے۔ ملک بھر میں ایک لاکھ 25ہزار 94 کورونا مریض مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز 95ہزار570 ہیں، گذشتہ 24 گھنٹوں کےدوران3387 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 68 کورونا متاثرین انتقال کر گئے۔ فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دینے والے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے قومی قیادت ملک کے مختلف ہسپتالوں، ہیلتھ کئیر سہولیات کا دورہ کرکے ڈاکٹروں، نرسوں، پیرا میڈیکل اور معاون عملے کی بے مثال خدمات کا اعتراف کرینگے۔
این سی او سی نے پاکستانی عوام کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے وبائی بیماری ، ایمرجنسی ریسپانس میں ہمارا ساتھ دیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران22ہزار 50 ٹیسٹ کیے گئے۔ جن میں سندھ کے 10 ہزار 27، پنجاب کے 7 ہزار 196، کے پی کے کے 1845، اسلام آباد کے 2327، بلوچستان کے325، بلوچستان کے 70 اور آزاد کشمیر کے260 ٹیسٹ شامل ہیں۔
ملک بھر میں 1518 وینٹیلیٹرز کورونا وائرس کے لئے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے اس وقت تک 468 استعمال میں ہیں۔ اب تک ملک بھر میں 2 لاکھ 25ہزار283 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مجموعی اموات 4 ہزار 619 ہوچکی ہیں۔ اب تک 13 لاکھ 72 ہزار 825 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ملک کی 729 ہسپتالوں میں5199 کورونا مریض زیر علاج ہیں۔