اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ یورپی یونین سیفٹی ایجنسی کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، پابندی کے خلاف جلد اپیل میں جائیں گے۔
قومی اسمبلی میں جعلی لائسنسوں اور جعلی ڈگریوں کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اعتراض کرنے والے ذمہ دار، ہم تو ان کا گند صاف کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کو تسلیم کرنا چاہیے کہ 658 لوگ ان کے دور میں جعلی ڈگریوں پر بھرتی ہوئے۔ یہ سارا کچھ 2010ء سے لے کر 2018ء تک ہوا۔ ہم ان کو نکالیں گے جو سفارش کے ذریعے آئے۔
غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت میں پیسے لے کر لائسنس کی تجدید کی جاتی تھی لیکن اب ہماری حکومت میں ایسا نہیں ہوگا۔ 26 پائلٹس نے غلط امتحانات دیئے جن کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن یورپ سے پہلی بار معطل نہیں ہوا۔ یورپی ایوی ایشن کی جانب سے 2008ء میں بھی آپریشن معطل ہوئے تھے۔ پی آئی اے میں صفائی کریں گے تو اس کی نیک نامی ہوگی۔ جن لوگوں نے سرپرستی کی ان کیخلاف کریمنل مقدمات درج ہونگے۔ آنے والے دنوں میں آپریشن بحال ہوگا اور پی آئی اے ایک نئی ایئر لائن بنے گی۔